ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / کشن گنج کے ایم پی مولانااسرارالحق قاسمی کا جذبہ قابل تقلید;سیمانچل میں سیلاب کی تبا ہ کاریاں دیکھ کر معروف شاعر عمران پرتاپگڑھی کادردچھلک پڑا

کشن گنج کے ایم پی مولانااسرارالحق قاسمی کا جذبہ قابل تقلید;سیمانچل میں سیلاب کی تبا ہ کاریاں دیکھ کر معروف شاعر عمران پرتاپگڑھی کادردچھلک پڑا

Sun, 27 Aug 2017 22:28:08  SO Admin   S.O. News Service

کشن گنج،27اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مقبول و معروف شاعر اورسماجی کارکن عمران پرتاپگڑھی نے سیمانچل کے بدترین سیلاب زدہ علاقوں کادورہ کیا اور علاقے کے ممبر پارلیمنٹ و معروف عالم دین مولانااسرارلحق قاسمی کی نگرانی میں متاثرین کے بیچ ریلیف و امدادتقسیم کی۔ انھوں نے ملک کے تمام لوگوں سے اپیل بھی کی کہ وہ متاثرین کی امداد کے لئے آگے آئیں۔انھوں نے مولاناقاسمی کے جذبے کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ ایسے وقت میں جبکہ مرکز وبہارکی حکومتیں بھی سیمانچل کے سیلاب زدگان پر خاطر خواہ دھیان نہیں دے رہی ہیں، مولاناقاسمی خود تمام علاقوں میں جاکر لوگوں تک راحت اشیا پہنچا رہے ہیں اور ان کی امداد کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔انھوں نے کہاکہ سیمانچل کے قیامت خیزسیلاب کے نتیجے میں مواصلاتی ذرائع ناکارہ ہو گئے ہیں،سڑکیں تباہ ہو چکی ہیں اور ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچنادشوارہوچکاہے،حتی کہ موبائل فون کے ذریعہ بھی رابطہ ممکن نہیں ہے،ایسے سنگین حالات میں مولاناقاسمی جس طرح رات دن ایک کرکے اپنی عمر اور صحت کی پرواہ کیے بغیرکہیں موٹرسائیکل سے،کہیں آٹورکشہ سے اور بہت سے مقامات پرپانی اورکیچڑمیں پیدل چل کر متاثرین کے پاس پہنچ کر نہ صرف ان کی دادرسی کر رہے ہیں بلکہ ان کی مشکلات دور کرنیکی بھی کوشش کر رہے ہیں،اس سے ہم جیسے نوجوانوں کو حوصلہ ملتاہے اور کام کرنے کی ہمت پیداہوتی ہے۔ انھوں نے مولاناکے جذبہئ خدمت کا خاص طورپر ذکرکیا اور کہا کہ میں یہ دیکھ کرمیں بیحد متاثرہواکہ مولانامحترم رات کے ڈھائی تین بجے تک عوام کے درمیان رہ کر ان کی پریشانیوں اور مشکلات کودورکرنے کی تدبیر کررہے ہیں۔بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر نے کہاکہ آج کے وقت میں ہندوستان کوایسے ہی قائد اور رہنماکی ضرورت ہے جو عوام کے دکھ دردکے وقت ان کے غم میں شریک ہواوران کی پریشانیوں کودورکرنے کی ہرممکن تدبیر کرے۔انہوں نے مولانا قاسمی اور آل انڈیاتعلیمی وملی فاؤنڈیشن کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں تک پہنچنے میں میری مدد کے جسکے بغیر وہاں میرا پہنچنا ممکن نہیں تھا۔ 
واضح رہے کہ عمران پرتاپگڑھی نے اپنے احباب کے ساتھ مل کر سیمانچل کے سیلاب زدہ علاقوں کادورہ کیااورمولاناموصوف کی نگرانی میں متاثرین کے بیچ اشیاء خوردونوش تقسیم کیں۔اس موقع پرمولاناقاسمی نے مصیبت زدگان کے ایک مجمع کے سامنے عمران پرتاپگڑھی کو دعائیں دیتے ہوئے کہاکہ یہ ایسے شاعرہیں جنہیں سننے کے لئے ملک وبیرون میں لاکھوں لوگ اکٹھاہوتے ہیں اوریہ نوجوانوں کے درمیان نہایت مقبول و معروف ہیں، مگر اس سے بھی بڑھ کران کا دینی وملی جذبہ قابل قدرہے۔جہاں عمران پرتاپگڑھی اپنی بیباک شاعری کے ذریعہ حکمرانوں کوجھنجھوڑتے اورمظلوم و اقلیتی طبقات کے مسائل پرکھل کر اظہار خیال کرتے ہیں،وہیں وہ عملی طورپربھی تمام تر خوف اور اندیشے سے بے پرواہوکر مسلمانوں کوانصاف دلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ کشن گنج کے ایم پی نے سیمانچل کے تمام سیلاب متاثرین کی جانب سے ان کا شکریہ اداکیاکہ انہوں نے ان لوگوں کی مصیبت کواپنادکھ دردسمجھااور سیلاب زدہ علاقوں میں خود پہنچ کران کی امداد کی۔مولانا قاسمی نے امید ظاہر کی کہ دردمند دل رکھنے والے دیگر حضرات بھی خواہ کسی بھی مذہب و مسلک اور شعبہ حیات سے تعلق رکھتے ہوں، عمران پرتاپ گڑھی کی طرح سیمانچل کے سیلاب زدہ علاقوں میں خود پہنچ کر حالات کا جائزہ لیں گے اور انکی امداد کے لئے آگے آئیں گے۔ 
 


Share: